عامر خان کی تیسری شادی کی تاریخ سامنے آگئی، تقریب 5 جولائی کو ہوگی

ممبئی: بالی وڈ کے معروف اداکار اور “مسٹر پرفیکشنسٹ” کہلانے والے عامر خان کی تیسری شادی کی تاریخ سامنے آگئی ہے۔ اداکار اپنی قریبی دوست گوری اسپرٹ کے ساتھ 5 جولائی کو سادگی سے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان اور گوری اسپرٹ کی شادی کی تقریب اتوار، 5 جولائی کو ممبئی میں واقع اداکار کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگی۔ تقریب کو نہایت سادہ رکھا گیا ہے، جس میں دونوں خاندانوں کے افراد اور چند قریبی دوست شریک ہوں گے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں عامر خان نے شادی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ “5 جولائی ہمارے لیے ایک خاص دن ہے۔ شادی کی ایک مختصر تقریب گھر پر ہی رکھی گئی ہے، جس میں صرف خاندان کے افراد اور قریبی دوست شرکت کریں گے۔”

اداکار نے مداحوں سے اپنی نئی زندگی کے لیے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ “ہمیں آپ سب کی نیک تمناؤں اور دعاؤں کی ضرورت ہے تاکہ ہماری زندگی کا یہ نیا سفر خوشیوں سے بھرپور رہے۔”

واضح رہے کہ عامر خان نے رواں سال اپنی 60ویں سالگرہ کے موقع پر پہلی مرتبہ گوری اسپرٹ کو عوام کے سامنے متعارف کرایا تھا اور ان کے ساتھ اپنے تعلق کی باضابطہ تصدیق کی تھی۔

عامر خان کی پہلی شادی رینا دتہ سے 1986 میں ہوئی تھی، جو کئی برس بعد اختتام پذیر ہوئی، جبکہ دوسری شادی کرن راؤ سے 2005 میں ہوئی تھی۔ دونوں نے 2021 میں علیحدگی کا اعلان کیا تھا، تاہم اپنے بیٹے کی مشترکہ پرورش جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں