کراچی: رواں سال 13 خواتین سمیت 200 لاوارث لاشیں برآمد، شناخت اور وجوہات تاحال معمہ

کراچی میں رواں سال مختلف علاقوں سے 13 خواتین سمیت مجموعی طور پر 200 افراد کی لاوارث لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جن میں سے بیشتر کی شناخت اور موت کی وجوہات اب تک معلوم نہیں ہو سکیں۔

ڈیلی اردو میڈیا کے مطابق ایدھی فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ یہ لاشیں شہر کے مختلف مقامات، جن میں سڑکیں، ندی نالوں کے کنارے، جھاڑیاں، خالی مکانات اور دیگر ویران علاقے شامل ہیں، سے ملی ہیں۔ تمام لاشیں لاوارث حالت میں تھیں اور زیادہ تر افراد کی شناخت نہیں ہو سکی۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے اعداد و شمار کے مطابق صرف جولائی کے ابتدائی چار روز کے دوران مزید تین مردوں کی لاشیں مختلف علاقوں سے برآمد ہو چکی ہیں، جبکہ ان افراد کی شناخت بھی تاحال نہیں ہو سکی۔

اعداد و شمار کے مطابق جنوری میں 31 مرد اور 2 خواتین، فروری میں 23 مرد اور ایک خاتون، مارچ میں 22 مرد اور 3 خواتین، اپریل میں 30 مرد، مئی میں 40 مرد جبکہ جون میں 41 مرد اور 7 خواتین کی لاشیں مختلف مقامات سے ملی تھیں۔

ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی لاشوں میں متعدد افراد مبینہ طور پر نشے کے عادی تھے، تاہم بیشتر کیسز میں موت کی اصل وجہ اور متوفیوں کی شناخت جاننے کے لیے متعلقہ اداروں کی کارروائی جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں