اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 7 کارروائیوں میں 316 کلو سے زائد منشیات برآمد

اسلام آباد: انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ 4 کروڑ 4 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 316.724 کلوگرام منشیات برآمد کر لی۔

اے این ایف کے مطابق مختلف شہروں میں کی گئی 7 الگ الگ کارروائیوں کے دوران آئس، چرس اور ہیروئن کی بڑی مقدار قبضے میں لی گئی اور اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سعودی عرب جانے والے ایک مسافر کے سامان میں موجود 7 احراموں سے 12.160 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔

فیصل آباد کے ایک کوریئر آفس میں سعودی عرب بھیجے جانے والے پارسل میں کپڑوں کے اندر چھپائی گئی 6.560 کلوگرام آئس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

تونسہ ٹول پلازہ کے قریب مسافر بس میں کارروائی کے دوران 24 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جبکہ ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

شکارپور روڈ، سکھر کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم کے قبضے سے 10 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جسے موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔

رنگ روڈ پشاور پر واقع ایک سی این جی اسٹیشن کے قریب گاڑی سے 3.450 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، جبکہ کارروائی کے دوران ایک ملزم کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

لاہور کے علاقے واہگہ گاؤں میں ایک لاوارث ڈرون سے 554 گرام ہیروئن برآمد کی گئی، جبکہ دالبدین کے قریب کارروائی کے دوران 260 کلوگرام چرس قبضے میں لے لی گئی۔

اے این ایف کے مطابق تمام مقدمات انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے دیگر کرداروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں