اسلام آباد: جعلی پولیس اہلکار بن کر شہریوں کو لوٹنے والے 2 سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان گرفتار

اسلام آباد پولیس نے تھانہ کراچی کمپنی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی پولیس اہلکار بن کر شہریوں کو لوٹنے والے دو سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات اور افسرانِ بالا کے احکامات پر اسلام آباد پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں تھانہ کراچی کمپنی پولیس نے ایس ایچ او چوہدری ندیم طاہر کی نگرانی میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کیا، جو جعلی پولیس اہلکار اور سرکاری ملازم ظاہر ہو کر اسلحے کے زور پر شہریوں کو لوٹنے کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے نقدی، وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور وائرلیس سیٹ برآمد کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا ہے، جبکہ ان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ ان کے دیگر ساتھیوں اور مزید جرائم کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی پوری سختی کے ساتھ جاری رہیں گی۔

دوسری جانب اس کامیاب کارروائی پر شہریوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے ایس ایچ او تھانہ کراچی کمپنی چوہدری ندیم طاہر اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں عوام کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنتی ہیں۔

ایس ایچ او چوہدری ندیم طاہر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک شخص، جعلی پولیس اہلکار یا جرائم پیشہ عناصر کی فوری اطلاع پکار-15 یا قریبی تھانے کو دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور عوام کے باہمی تعاون سے ہی جرائم کا مؤثر خاتمہ ممکن ہے اور قانون شکن عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں