اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر محکمہ کسٹمز نے دبئی سے آنے والی پرواز ای کے 612 کے مسافر کے سامان کی کلیئرنس کے دوران بھینسوں کے دودھ کی پیداوار بڑھانے والے 8,900 ممنوعہ ویٹرنری انجیکشنز قبضے میں لے لیے۔
کسٹمز حکام کے مطابق برآمد کیے گئے انجیکشنز کی مالیت تقریباً 1 کروڑ روپے ہے۔ مذکورہ انجیکشنز کے استعمال سے حاصل ہونے والا دودھ انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ثابت ہوتا ہے۔
محکمہ کسٹمز نے تمام ممنوعہ انجیکشنز ضبط کر کے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے ایسی غیر قانونی ادویات کی اسمگلنگ کی روک تھام اولین ترجیح ہے۔





