فرانس نے پیراگوئے کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں صفر سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جہاں اب اس کا مقابلہ مراکش سے ہوگا۔
ڈیلی اردو میڈیا کے مطابق فلاڈیلفیا میں کھیلے گئے دوسرے پری کوارٹر فائنل میں پہلے ہاف کے دوران پیراگوئے نے توقعات کے برعکس فرانس کا بھرپور مقابلہ کیا۔ دونوں ٹیموں نے متعدد حملے کیے، تاہم کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی، جس کے باعث پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
میچ کے پہلے ہاف میں ایک موقع پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی اور دھکم پیل بھی دیکھنے میں آئی، تاہم ریفری نے صورتحال کو بروقت قابو میں کر لیا۔
دوسرے ہاف میں دونوں ٹیمیں برتری حاصل کرنے کے لیے مسلسل کوشش کرتی رہیں۔ میچ کے 70ویں منٹ میں فرانس کو اس وقت اہم موقع ملا جب ایک حملے کے دوران فرانسیسی کھلاڑی کو پنالٹی ایریا میں فاؤل کر کے گرایا گیا۔
ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (VAR) سے مشاورت کے بعد ریفری نے فرانس کے حق میں پنالٹی کا فیصلہ دیا، جسے کپتان کیلیان ایمباپے نے کامیابی سے گول میں تبدیل کر کے اپنی ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلائی۔
میچ کے 10 منٹ کے اضافی وقت میں فرانس نے ایک اور خطرناک حملہ کیا، تاہم پیراگوئے کے گول کیپر نے شاندار بچاؤ کرتے ہوئے دوسرا گول ہونے سے روک دیا۔
اختتامی وسل کے ساتھ ہی فرانس نے ایک صفر سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنا لی، جہاں اس کا سامنا مراکش سے ہوگا۔





