**ڈیلی اردو میڈیا:** فرانس کے اسٹار فٹبالر کلیان امباپے نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں سویڈن کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول اسکور کیے اور ٹورنامنٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گئے۔
اس شاندار کارکردگی کے بعد امباپے کے ورلڈ کپ میں مجموعی گولز کی تعداد 18 ہو گئی ہے۔ انہوں نے جرمنی کے سابق اسٹار میروسلاو کلوزے کے 16 گولز کا ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا، جبکہ اب وہ اس فہرست میں صرف ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی سے ایک گول پیچھے ہیں، جن کے نام 19 گولز درج ہیں۔
امباپے نے رواں ورلڈ کپ میں اب تک 6 گول اسکور کیے ہیں، جس کے بعد وہ میسی کے برابر آ گئے ہیں اور گولڈن بوٹ کی دوڑ میں مضبوط امیدوار بن کر سامنے آئے ہیں۔
مزید برآں، امباپے نے ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں بھی نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ سویڈن کے خلاف دو گولز کے بعد ناک آؤٹ مرحلے میں ان کے مجموعی گولز کی تعداد 10 ہو گئی ہے، جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔





