لاہور: Pakistan Cricket Board (پی سی بی) نے سینٹرل کنٹریکٹس کی تفصیلات منظرعام پر نہ لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے نئی شرائط بھی متعارف کرا دی ہیں۔
پی سی بی کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی تعداد، ان کی کیٹیگریز اور مختلف ٹریکس میں تقسیم کی تفصیلات عوامی سطح پر جاری نہیں کی جائیں گی۔ بورڈ کا مؤقف ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹس میں شامل کھلاڑیوں کی تعداد اور ان کی درجہ بندی سلیکشن سے متعلق معاملات ہیں، اس لیے انہیں خفیہ رکھا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ پانے والے کھلاڑیوں کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت سے متعلق مختلف شرائط بھی مقرر کی گئی ہیں۔ نئے نظام کے تحت کنٹریکٹڈ کھلاڑیوں کو اپنے متعلقہ ٹریک کے مطابق فرسٹ کلاس، لسٹ اے اور ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں شرکت یقینی بنانا ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو مطلوبہ ڈومیسٹک میچز کی تعداد سے بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ مجوزہ شرائط کے تحت کھلاڑیوں کے لیے کم از کم پانچ فرسٹ کلاس اور دس لسٹ اے میچز کھیلنا لازمی قرار دیے جانے کا امکان ہے۔
مزید برآں، کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر ان کی کوئی بین الاقوامی مصروفیت نہ ہو تو وہ ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے دستیاب رہیں گے اور متعلقہ ٹورنامنٹس میں شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل تمام کھلاڑی تینوں فارمیٹس کھیلنے کے اہل ہوں گے، جبکہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق کسی بھی ٹریک سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی کو قومی اسکواڈ میں شامل کیا جا سکے گا۔
پی سی بی کے اس نئے نظام کا مقصد ڈومیسٹک کرکٹ کو مزید مضبوط بنانا اور قومی کھلاڑیوں کی مقامی مقابلوں میں شرکت کو یقینی بنانا بتایا جا رہا ہے۔





