حنا طارق بولڈ مناظر سے گریز کرتی ہیں، والدین کے سامنے دیکھے جانے والے کرداروں کو ترجیح دیتی ہوں: اداکارہ

پاکستانی اداکارہ حنا طارق نے کہا ہے کہ وہ اپنے کیریئر میں ہر فیصلہ سوچ سمجھ کر کرتی ہیں اور ایسے کرداروں اور مناظر کو ترجیح دیتی ہیں جنہیں ان کے والدین بھی آرام سے بیٹھ کر دیکھ سکیں۔

حنا طارق نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی شو میں شرکت کے دوران اپنے شوبز کیریئر، لباس کے انتخاب اور اداکاری کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایک فنکار کی زندگی صرف شوبز تک محدود نہیں ہوتی بلکہ اس کی ایک ذاتی زندگی بھی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد یا بدیر ہر اداکار کو شادی اور خاندانی زندگی کی طرف جانا ہوتا ہے، اسی لیے وہ اپنے پیشہ ورانہ فیصلوں میں اس پہلو کو ہمیشہ مدنظر رکھتی ہیں۔

حنا طارق نے کہا کہ ایک عورت معاشرے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے اور کئی نسلیں اس سے وابستہ ہوتی ہیں، اسی لیے وہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں ہر قدم بہت سوچ سمجھ کر اٹھاتی ہیں۔

لباس کے انتخاب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ وہ ہمیشہ اپنے ملبوسات کا انتخاب احتیاط سے کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شوٹنگ کے دوران بھی وہ ایسے مناظر کو ترجیح دیتی ہیں جو ان کے والدین اور اہل خانہ بغیر کسی جھجک کے دیکھ سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری میں عموماً زیادہ بولڈ مناظر نہیں دکھائے جاتے، تاہم وہ اس معاملے میں خاص احتیاط برتتی ہیں۔ حنا طارق کے مطابق اگر کسی کردار یا منظر کے حوالے سے انہیں کوئی بات مناسب یا قابل فہم نہ لگے تو وہ ڈائریکٹر کو انکار کر دیتی ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ وہ اپنی ذاتی اقدار اور خاندانی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے شوبز میں کام کرنے کو ترجیح دیتی ہیں اور یہی اصول ان کے پیشہ ورانہ فیصلوں کی بنیاد ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں