موٹروے ایم-5 کا اقبال آباد تا گڈو سیکشن دو روز کے لیے جزوی طور پر بند رہے گا
میپکو کی جانب سے ترسیلی لائنوں کی بحالی کے کام کے باعث ٹریفک این-5 پر منتقل، مسافروں کو پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی): موٹروے پولیس نے عوام کو آگاہ کیا ہے کہ میپکو کی جانب سے بجلی کی ترسیلی لائنوں کی بحالی کے کام کے باعث 15 اور 16 جون کو موٹروے ایم-5 کا اقبال آباد تا گڈو سیکشن روزانہ صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک بند رہے گا۔
ترجمان سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق مذکورہ اوقات میں موٹروے پر ٹریفک کو این-5 قومی شاہراہ پر ڈائیورٹ کیا جائے گا، جبکہ گڈو اور اقبال آباد انٹرچینجز پر آمدورفت معطل رہے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ متبادل راستے کا فاصلہ تقریباً 148 کلومیٹر ہے، جس کے باعث ہلکی گاڑیوں (LTV) کو تقریباً دو گھنٹے جبکہ بھاری گاڑیوں (HTV) کو تقریباً تین گھنٹے اضافی سفر کرنا پڑ سکتا ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ طویل سفر سے قبل گاڑی میں پینے کا پانی، ہلکی خوراک، مناسب مقدار میں ایندھن، اسپیئر وہیل اور ضروری ٹول کٹ لازمی موجود رکھیں۔ روانگی سے پہلے گاڑی کے ٹائروں، بریکس اور انجن کی مکمل جانچ بھی یقینی بنائی جائے۔
شدید گرمی کے پیش نظر مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بچوں، بزرگوں اور مریضوں کی ضروریات کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ دورانِ سفر اگر تھکاوٹ یا غنودگی محسوس ہو تو محفوظ مقام پر رک کر آرام کیا جائے اور غیر ضروری جلد بازی سے گریز کیا جائے۔
موٹروے پولیس کے مطابق مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے شہری موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔





