گوادر: نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ایمانداری، فرض شناسی اور عوامی خدمت کی شاندار مثال قائم کرتے ہوئے تقریباً 22 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور دیگر قیمتی سامان ان کے اصل مالک کے حوالے کر دیا۔
ترجمان کے مطابق گوادر کے قریب دورانِ پیٹرولنگ موٹروے پولیس کے افسران کو شاہراہ پر ایک بیگ ملا، جس میں قیمتی زیورات اور دیگر سامان موجود تھا۔ افسران نے فوری طور پر بیگ کو حفاظتی تحویل میں لے کر مالک کی تلاش شروع کر دی، تاہم ابتدائی کوششوں کے باوجود مالک کا سراغ نہ مل سکا۔
بعد ازاں موٹروے پولیس نے بیگ میں موجود اشیاء کی تفصیلات خفیہ رکھتے ہوئے سوشل میڈیا اور مقامی ذرائع کے ذریعے آگاہی مہم چلائی تاکہ صرف حقیقی مالک ہی اس کی درست شناخت کر سکے۔
کچھ دیر بعد بیگ کے اصل مالک نے موٹروے پولیس سے رابطہ کیا اور بیگ و اس میں موجود سامان کے بارے میں مکمل اور درست معلومات فراہم کیں۔ تمام قانونی اور تصدیقی مراحل مکمل کرنے کے بعد بیگ بمعہ زیورات مالک کے حوالے کر دیا گیا۔
مالک کے مطابق سفر کے دوران ان کا بیگ سڑک پر گر گیا تھا اور انہیں اس کا علم بھی نہ ہو سکا۔ قیمتی سامان کی بحفاظت واپسی پر انہوں نے موٹروے پولیس کی ایمانداری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بروقت اقدامات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر ڈی آئی جی ویسٹ زون بلوچستان ڈاکٹر قریش خان نے بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کے لیے نقد انعام اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہے اور افسران ہر حال میں قانون کی پاسداری اور عوامی خدمت کے جذبے کے تحت اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔





