اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، خاتون سمیت 8 ملزمان گرفتار

اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، خاتون سمیت 8 ملزمان گرفتار
6 کارروائیوں میں 64 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 30 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد، تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا انکشاف
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی): انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 6 مختلف کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں میں مجموعی طور پر 64 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 30.04 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
تعلیمی اداروں کے قریب کارروائیاں
اٹک میں ایک یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران ایک ملزم کے قبضے سے 1.2 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
اسی طرح ڈرائی پورٹ چوک سیالکوٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار مرد اور خاتون کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 1.050 کلوگرام ہیروئن اور 147 گرام وزنی 290 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی گئیں۔ اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔
دیگر شہروں میں کامیاب کارروائیاں
شاہی باغ پشاور کے قریب ایک گاڑی سے 14.4 کلوگرام افیون برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
سہراب گوٹھ کراچی کے قریب ایک گاڑی سے 9.6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جبکہ ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔
رنگ روڈ پشاور کے قریب موٹر سائیکل سوار ایک ملزم سے 1 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
اسی طرح شاہ کمال کالونی لاہور کے قریب موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 2.65 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف ملک بھر میں کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں اور نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں