ممبئی: بھارتی پنجابی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور ماڈل ایشا رِکھی نے بالآخر گلوکار اور ریپر بادشاہ کے ساتھ اپنی شادی کی تصدیق کر دی ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
ایشا رِکھی نے انسٹاگرام پر منعقدہ سوال و جواب کے ایک سیشن کے دوران مداحوں کے مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق پہلی بار کھل کر گفتگو کی۔
مداحوں کی جانب سے سب سے زیادہ پوچھا جانے والا سوال یہ تھا کہ اگر وہ اور بادشاہ شادی شدہ ہیں تو دونوں سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کو فالو کیوں نہیں کرتے۔ اس پر ایشا نے مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ اب وہ اس سوال سے کافی حد تک تنگ آ چکی ہیں۔
اداکارہ نے کہا، “جی ہاں، میری شادی ہو چکی ہے۔ اب سب سے زیادہ پوچھے جانے والے سوال کی بات کرتے ہیں کہ ہم ایک دوسرے کو فالو کیوں نہیں کرتے؟ اس کی وضاحت تو میرے شوہر کو دینی چاہیے۔ پتی دیو (بادشاہ)، عوام کے پاس سوالات ہیں، براہِ کرم جلد از جلد جواب دیں۔”
ایک اور مداح نے سوال کیا کہ شادی کے باوجود انہوں نے کبھی بادشاہ کے ساتھ اپنی تصویر کیوں شیئر نہیں کی۔ اس کے جواب میں ایشا رِکھی نے پہلی بار بادشاہ کے ساتھ اپنی ایک نایاب تصویر شیئر کی، جس میں دونوں خوشگوار اور محبت بھرے انداز میں دکھائی دیے۔
تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی مداحوں نے جوڑے کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ ایشا رِکھی اور بادشاہ کی شادی کی افواہیں پہلی بار مارچ میں سامنے آئی تھیں، جب اداکارہ کی والدہ نے سوشل میڈیا پر چند تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی تھیں۔ ان پوسٹس کو صارفین نے شادی کی تقریبات سے جوڑا تھا، تاہم اس وقت دونوں شخصیات کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی تھی۔
ایشا رِکھی کی حالیہ تصدیق کے بعد ان افواہوں پر لگنے والے تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو گیا ہے۔





