میکسیکو سٹی: فیفا ورلڈ کپ 2026 کا شاندار آغاز میکسیکو سٹی میں ایک رنگا رنگ اور یادگار افتتاحی تقریب کے ساتھ ہو گیا، جس میں دنیا بھر سے فٹ بال حکام، شخصیات اور شائقین نے شرکت کی۔
پاکستان فٹ بال فیڈریشن (PFF) کے صدر سید محسن گیلانی کی قیادت میں دو رکنی پاکستانی وفد نے افتتاحی تقریب اور آفیشل ڈنر میں شرکت کی۔ وفد میں چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) شاہد نیاز کھوکھر بھی شامل تھے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میکسیکو کے صدر نے عزم ظاہر کیا کہ امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر تاریخ کے سب سے بڑے عالمی فٹ بال ایونٹ کی مثالی میزبانی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ 2026 کو تاریخی کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
فیفا کے صدر Gianni Infantino نے شاندار انتظامات پر میکسیکو، امریکہ اور کینیڈا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخ کا سب سے بڑا اور بہترین فیفا ورلڈ کپ ثابت ہوگا جو دنیا بھر کے فٹ بال شائقین کو مسحور کر دے گا۔
ورلڈ کپ کے موقع پر پاکستانی وفد نے مختلف ممالک کی فٹ بال ایسوسی ایشنز کے حکام سے ملاقاتیں بھی کیں۔ صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی نے عالمی فٹ بال قیادت کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور، کھیل کے فروغ اور مستقبل کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔





