پاکستان مخالف گمراہ کن پروپیگنڈا کرنیوالوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی: احسن اقبال

پاکستان مخالف گمراہ کن پروپیگنڈا کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی، احسن اقبال

ڈیلی اردو میڈیا: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان مخالف گمراہ کن پروپیگنڈا کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، جبکہ ملکی مفاد کے خلاف سرگرم عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔

شکرگڑھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بعض عناصر پاکستان کے خلاف بھارت سے بھی زیادہ زہریلا پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ عناصر افواجِ پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف گمراہ کن مہم چلا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ عرصے میں معرکۂ حق اور سفارتی محاذ پر نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، جنہیں دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مضبوط معیشت کے لیے ملک کو انتشار، فساد اور بے یقینی کی فضا سے محفوظ رکھنا ناگزیر ہے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی بجٹ میں برآمدات کے فروغ کے لیے خصوصی مراعات فراہم کی گئی ہیں تاکہ ملکی معیشت کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔

انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں