تحریک انصاف کا آزادکشمیر کے الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان

ڈیلی اردو میڈیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اعلان کیا ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر وہ انتخابی عمل میں حصہ نہیں لے گی۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کسی سیاسی فائدے یا نقصان کو مدنظر رکھ کر نہیں بلکہ اصولی مؤقف کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور جمہوری اقدار کے احترام کے تحت کیا گیا ہے۔ پارٹی کے مطابق جب تک آزاد کشمیر میں آزاد، منصفانہ اور پُرامن سیاسی ماحول میسر نہیں آتا، وہ انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر اس وقت سنگین صورتحال سے دوچار ہے، جہاں راولاکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں ہزاروں شہری اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج اور دھرنے جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ پنجاب سے آزاد کشمیر کو اشیائے خور و نوش کی ترسیل بھی متاثر ہوئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیری عوام کو مزید سیاسی عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کے بجائے موجودہ مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں