نگلینڈ سے شکست، دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی

دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ ویمن ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر، انگلینڈ نے 9 وکٹوں سے شکست دے دی

ڈیلی اردو میڈیا: دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ ویمن ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی، جبکہ انگلینڈ نے گروپ مرحلے کے اپنے آخری میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

اوول کے تاریخی گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔ کپتان میلی کیر نے 42، سوفی ڈیوائن نے 30 جبکہ ایزابیلا گیز نے 28 رنز کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کی جانب سے ڈینی گبسن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ ویمن ٹیم نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 18ویں اوور میں مطلوبہ اسکور حاصل کرلیا۔ ڈینی ویٹ ہوج نے 53 گیندوں پر 89 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 15 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، جبکہ سوفیہ ڈنکلے 49 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ دونوں بیٹرز نے دوسری وکٹ کے لیے 128 رنز کی شاندار اور ناقابلِ شکست شراکت قائم کی۔

اس فتح کے ساتھ انگلینڈ نے نہ صرف گروپ مرحلہ کامیابی سے مکمل کیا بلکہ دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ کی ایونٹ سے رخصتی بھی یقینی بنا دی۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی ٹیم آخری گروپ میچ میں آئرلینڈ سے شکست کے باوجود بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر گئی۔

واضح رہے کہ ایونٹ کے تمام میچز جیو سپر اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم مائیکو پر براہِ راست نشر کیے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں