*Daily Urdu Media*
*اسلام آباد: وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی اپ ڈیٹ اینڈ آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی جس میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے ملکی سطح پر مثبت اثرات کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔*
رپورٹ کے مطابق عالمی تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کا اثر پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی پڑ سکتا ہے، جس سے مہنگائی کے دباؤ میں کمی اور مجموعی قیمتوں میں استحکام آنے کی توقع ہے۔ وزارت خزانہ نے جون 2026 کے دوران مہنگائی کی شرح 11 سے 12 فیصد کے درمیان رہنے کا تخمینہ پیش کیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ مالی سال 26-2025 کے دوران ملکی معیشت کی بنیادیں مستحکم ہوئی ہیں اور معاشی شرح نمو 3.7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ چار برسوں کے مقابلے میں جی ڈی پی اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے جبکہ ملکی معیشت کا مجموعی حجم 452.1 ارب امریکی ڈالر تک جا پہنچا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق حالیہ وفاقی بجٹ میں برآمدات پر مبنی معاشی پالیسیوں کو ترجیح دی گئی، ٹیکس دہندگان کے لیے ریلیف کے اقدامات کیے گئے اور مالیاتی نظم و ضبط کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز رکھی گئی۔
رپورٹ میں مالی سال 27-2026 کے دوران ملکی معاشی منظرنامے میں مزید بہتری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔





