علی حیدر آبادی کی مبینہ طلاق کی ویڈیو وائرل، سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں تیز

**ڈیلی اردو میڈیا:** پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر علی حیدر آبادی ایک مبینہ طلاق کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔ ویڈیو میں انہیں اپنی اہلیہ کے ساتھ تلخ جملوں کا تبادلہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، تاہم اس واقعے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

وائرل ویڈیو کے مطابق بحث کے دوران علی حیدر آبادی کی اہلیہ انہیں ویڈیو ریکارڈنگ بند کرنے کا کہتی ہیں، جبکہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اسی دوران انہوں نے اہلِ خانہ کی موجودگی میں طلاق کے الفاظ ادا کیے۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد ٹک ٹاک، انسٹاگرام اور یوٹیوب سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس حوالے سے بحث چھڑ گئی۔

کئی صارفین نے ذاتی خاندانی معاملات کو سوشل میڈیا پر لانے پر تنقید کی، جبکہ بعض افراد نے اس واقعے کی حقیقت پر سوال اٹھاتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ ممکن ہے یہ ویڈیو صرف آن لائن توجہ حاصل کرنے کے لیے بنائی گئی ہو۔

دریں اثنا علی حیدر آبادی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک مختصر بیان جاری کرتے ہوئے لوگوں سے جلد بازی میں نتائج اخذ نہ کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ فی الحال اس معاملے پر تفصیلی مؤقف دینے کی پوزیشن میں نہیں، اس لیے صارفین منفی تبصروں سے گریز کریں، جبکہ مناسب وقت پر تمام حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

اگرچہ علی حیدر آبادی کے بیان کے بعد بھی سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں جاری ہیں، تاہم تاحال اس بات کی باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی کہ وائرل ویڈیو میں دکھایا گیا واقعہ حقیقی خاندانی تنازع ہے یا کسی اور مقصد کے لیے تیار کیا گیا مواد۔

اپنا تبصرہ بھیجیں