وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تبدیلی کی باتیں بے بنیاد ہیں، بیرسٹر گوہر

**ڈیلی اردو میڈیا:** چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی تبدیلی سے متعلق گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں اور ان کا مقصد عوام میں بدگمانیاں پیدا کرنا ہے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ صوبے میں ڈاکٹروں کی بھرتیوں کے حوالے سے بعض شکایات سامنے آئی تھیں، تاہم وزیر صحت نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام تقرریاں شفاف اور میرٹ کے مطابق کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے ایک متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے، لیکن کچھ عناصر بلاجواز وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی افواہیں پھیلا کر سیاسی بے یقینی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کو پارٹی ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ اختلافِ رائے ہر سیاسی جماعت میں موجود ہوتا ہے، تاہم وزیراعلیٰ کے خلاف کسی قسم کا گروپ یا بلاک تشکیل نہیں دیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور نے عمران خان کی ہدایت پر خود استعفیٰ دیا تھا، جبکہ وہ اس وقت ایسا کوئی اقدام نہیں کر رہے جس سے پارٹی کے مفادات کو نقصان پہنچے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں