وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی مؤثر سفارتی کوشوں کے باعث خطے میں امن کے امکانات روشن ہوئے ہیں اور عالمی سطح پر بڑے تصادم کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوشوں نے امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔
رانا ثنا اللہ کے مطابق پاکستان کی سفارت کاری سے ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے کی راہ ہموار ہوئی ہے، جس سے خطے میں استحکام کی امید پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممکنہ عالمی جنگ کی تباہی سے بچاؤ کے لیے سفارتی اقدامات ناگزیر تھے، اور اس سلسلے میں پاکستان کی قیادت نے کلیدی کردار ادا کیا۔
نوبل امن انعام سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کمیٹی کا اختیار ہے، تاہم وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی خدمات کا دائرہ اس سے کہیں وسیع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صورتحال کے معمول پر آنے سے علاقائی استحکام کے ساتھ عالمی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ ایران پر پابندیوں میں نرمی سے توانائی کے منصوبے بحال ہو سکتے ہیں، اور ایران-پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کی بحالی سے ملک میں توانائی کے بحران میں کمی اور قیمتوں میں استحکام کی توقع ہے۔
آزاد کشمیر کے انتخابات سے متعلق انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابی عمل کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتخابات کے بعد منتخب قیادت ہی مسائل کے حل کا فیصلہ کرے گی، اور پاکستان اس کے ساتھ تعاون کرے گا۔
رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ وزیراعظم نے اپوزیشن کو چوتھی مرتبہ مذاکرات کی دعوت دی ہے اور اپوزیشن نے مثبت ردعمل کا عندیہ دیا ہے۔ کابینہ میں تبدیلیوں سے متعلق خبروں کو انہوں نے قیاس آرائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔





