اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 3 نائجیرین باشندوں سمیت 9 ملزمان گرفتار

اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 9 مختلف کارروائیوں میں 3 نائجیرین باشندوں سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں کے دوران 30 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 32.84 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔

اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران ایک نائجیرین باشندے کے قبضے سے 118 گرام آئس اور 14 گرام کوکین برآمد ہوئی، جبکہ کاک پل اسلام آباد کے قریب ایک اور نائجیرین باشندے سے 116 گرام آئس اور 6 گرام کوکین برآمد کی گئی۔

پشاور روڈ راولپنڈی کے قریب تیسرے نائجیرین باشندے سے 5 گرام کوکین برآمد ہوئی جبکہ پشاور یونیورسٹی کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم کے قبضے سے 1 کلوگرام چرس برآمد کر لی گئی۔ گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔

دیگر کارروائیوں میں کراچی کے ایک کوریئر آفس میں قطر بھیجے جانے والے پارسل میں مردانہ کوٹ سے 1.3 کلوگرام آئس برآمد کی گئی جبکہ گلشن اقبال کراچی کے کوریئر آفس میں نیوزی لینڈ بھیجے جانے والے پارسل سے 287 گرام آئس پکڑی گئی۔

ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 22.8 کلوگرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ سہراب گوٹھ کراچی کے قریب ایک ملزم سے 6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔

اسی طرح ریلوے روڈ پشاور کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 1.2 کلوگرام چرس برآمد کر لی گئی۔

اے این ایف حکام کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں