پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بتایا ہے کہ انٹرنیٹ سب میرین کیبل میں خرابی دورکردی گئی ہے اور انٹرنیٹ فراہمی بناء تعطل جاری ہے۔

ڈیلی اردو میڈیا

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے تصدیق کی ہے کہ بین الاقوامی سب میرین کیبل SEA-ME-WE 5 (SMW5) میں پیدا ہونے والی خرابی مکمل طور پر دور کر دی گئی ہے، جس کے بعد ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بلا تعطل بحال ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ جمعرات کے روز پاکستان کے مختلف شہروں سے انٹرنیٹ سروس کی رفتار سست ہونے اور کنیکٹیویٹی متاثر ہونے کی متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں، جس کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کی نگرانی کرنے والے ادارے ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق ملک کے کئی علاقوں میں صارفین نے انٹرنیٹ سروس میں تعطل اور سست روی کی رپورٹ کی تھی۔

پی ٹی اے نے ابتدائی بیان میں بتایا تھا کہ SEA-ME-WE 5 (SMW5) بین الاقوامی سب میرین کیبل سسٹم میں فنی خرابی کے باعث انٹرنیٹ ٹریفک متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں بعض صارفین کو سروس کے معیار اور کنیکٹیویٹی میں وقتی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

تاہم، پی ٹی اے کے تازہ ترین اعلامیے کے مطابق مذکورہ فنی خرابی کامیابی سے دور کر دی گئی ہے، جس کے بعد ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس معمول کے مطابق بلا تعطل فراہم کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں