Punjab Home Department نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے صوبہ بھر میں 26 جون تک دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق محرم الحرام کے دوران صرف منظور شدہ جلوسوں اور مجالس کی اجازت ہوگی، جبکہ کسی بھی نئی روایت یا غیر منظور شدہ سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ہتھیاروں اور آتش گیر مواد کی نمائش، اشتعال انگیز نعروں اور اشاروں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق جلوسوں کے راستوں پر واقع عمارتوں پر مورچے بنانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ چھتوں پر پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا دیگر ایسی اشیاء جمع کرنے پر بھی پابندی ہوگی جنہیں امن و امان خراب کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہو۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ جلوسوں کے مقررہ راستوں پر واقع عمارتوں کی چھتوں اور دکانوں کے تھڑوں پر بطور تماشائی موجودگی بھی ممنوع ہوگی۔
سیکیورٹی انتظامات کے تحت 9 اور 10 محرم کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ تاہم بزرگ شہری، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات محرم الحرام کے دوران امن، مذہبی ہم آہنگی اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے .





