پاکستان ریلوے کی تاریخ کی سب سے بڑی آؤٹ سورسنگ، پانچ ٹرینیں 10.75 ارب روپے میں نجی شعبے کے سپرد

اسلام آباد: پاکستان ریلوے نے اپنی تاریخ کی کامیاب ترین آؤٹ سورسنگ مکمل کرتے ہوئے پانچ مسافر ٹرینوں کی کمرشل مینیجمنٹ 10 ارب 75 کروڑ روپے میں نجی شراکت داروں کے سپرد کر دی ہے۔
پاکستان ریلوے کے مطابق جن ٹرینوں کی کمرشل مینیجمنٹ نجی شعبے کو دی گئی ہے ان میں عوام ایکسپریس، ملت ایکسپریس اور قراقرم ایکسپریس شامل ہیں، جو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت چلائی جائیں گی۔ اس کے علاوہ میانوالی اور نارووال پسنجر ٹرینیں بھی نجی شراکت داری کے ذریعے بہتر سہولیات کے ساتھ چلائی جائیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان ہی ٹرینوں سے پہلے تقریباً 8 ارب روپے آمدن حاصل ہو رہی تھی، جبکہ نئی آؤٹ سورسنگ کے تحت ریلوے کو نمایاں مالی فائدہ حاصل ہوگا۔
وفاقی وزیر ریلوے Muhammad Hanif Abbasi نے کامیاب آؤٹ سورسنگ پر چیف کمرشل منیجر (سی سی ایم) اور کمرشل ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل فریٹ ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ بھی بہترین نرخوں پر کی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ فریٹ ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ سے آئندہ مالی سال میں 10 ارب روپے سے زائد آمدن متوقع ہے، جبکہ پاکستان ریلوے رواں سال اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک کھرب روپے سے زائد ریونیو حاصل کرے گا۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ریلوے کی بہتری کے لیے مسلسل محنت جاری ہے اور مستقبل میں مزید اچھی خبریں سامنے آئیں گی۔

پاکستان ریلوے نے پانچ مسافر ٹرینوں کی کمرشل مینیجمنٹ 10.75 ارب روپے میں نجی شعبے کے سپرد کر دی۔ وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کے مطابق ریلوے رواں سال ایک کھرب روپے سے زائد ریونیو حاصل کرے گا

اپنا تبصرہ بھیجیں