اسلام آباد: چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) کائنات اظہر خان نے مختلف ٹریفک خدمت مراکز کا دورہ کرتے ہوئے شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران انہوں نے خدمت مراکز میں موجود شہریوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور خدمات کے معیار سے متعلق آراء اور تجاویز حاصل کیں۔ سی ٹی او نے عملے کی حاضری، کارکردگی اور عوامی خدمت کے معیار کا بھی معائنہ کیا۔
اس موقع پر کائنات اظہر خان نے کہا کہ شہریوں کو تمام سہولیات بروقت، شفاف اور خوش اسلوبی سے فراہم کرنا اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ لائسنسنگ اور دیگر ٹریفک سروسز میں غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو بہترین اور معیاری خدمات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، جبکہ خدمت مراکز میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور عزت و احترام سے پیش آنا ہر اہلکار کی ذمہ داری ہے۔
سی ٹی او نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ شہریوں کے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جائے اور خدمت مراکز میں صفائی، نظم و ضبط اور سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔
کائنات اظہر خان کا کہنا تھا کہ عوامی اعتماد کا حصول مؤثر ٹریفک مینجمنٹ اور بہترین سروس ڈیلیوری سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس شہریوں کو جدید، تیز رفتار اور آسان خدمات کی فراہمی کے لیے مسلسل کوشاں ہے اور اس مقصد کے لیے خصوصی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔





