محرم الحرام: راولپنڈی پولیس کا اہم اجلاس، امن و امان کے قیام کے لیے تمام مکاتب فکر کے تعاون پر زور

سی پی او خالد محمود ہمدانی کی زیر صدارت اجلاس، علماء کرام، امن کمیٹی، انجمن تاجران اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی شرکت
راولپنڈی (نمائندہ خصوصی): سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی کی زیر صدارت پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں محرم الحرام کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں جید علماء کرام، اکابرین، امن کمیٹی کے اراکین، انجمن تاجران، مجالس و جلوسوں کے بانیان و منتظمین، رضاکار تنظیموں کے عہدیداران اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انویسٹی گیشن، چیف ٹریفک آفیسر، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے کہا کہ راولپنڈی پولیس حکومت پنجاب کے احکامات اور ہدایات کی روشنی میں محرم الحرام کے دوران مؤثر سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام، امن کمیٹیوں، تاجروں، منتظمین اور شہریوں کے تعاون سے شہر میں مثالی امن و امان برقرار رکھا جائے گا۔
سی پی او نے اس عزم کا اظہار کیا کہ راولپنڈی پولیس جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے اور حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضابطوں کے ساتھ ساتھ باہمی رابطوں کے ذریعے بھی امن و رواداری کے ماحول کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔
اجلاس میں شریک علماء کرام، اکابرین اور دیگر شرکاء نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے راولپنڈی پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ شہر میں بھائی چارے، رواداری اور امن کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ فریقین اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔
سی پی او خالد محمود ہمدانی نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور بہترین سکیورٹی انتظامات کی فراہمی راولپنڈی پولیس کی اولین ترجیح ہے، جسے ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں