راولپنڈی (نمائندہ خصوصی): وارث خان پولیس نے کار چوری کی واردات میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے مالیت کی مسروقہ گاڑی برآمد کر لی۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم شہری کی گاڑی بک کرواتا رہتا تھا اور اسی دوران اس نے گاڑی کی ڈپلیکیٹ چابی تیار کروا لی۔ بعد ازاں ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ گاڑی چوری کی اور موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس نے ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلیجنس ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے کارروائی کی، جس کے نتیجے میں ملزم کو گرفتار کر کے مسروقہ گاڑی برآمد کر لی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔
ایس پی راول کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔





