مری: ٹورسٹ بس بریک فیل ہونے سے حادثے کا شکار، 14 افراد زخمی

بانسرہ گلی کے قریب پیش آنے والے حادثے میں 12 افراد کو موقع پر طبی امداد، دو شدید زخمی ہسپتال منتقل
مری (نمائندہ خصوصی): مری پنڈی آر ایم کے روڈ پر ہٹیاں سٹاپ کے قریب بانسرہ گلی کے مقام پر ایک ٹورسٹ بس بریک فیل ہونے کے باعث روڈ سیفٹی وال سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 14 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی قریبی ایمبولینسز اور دیگر ایمرجنسی وسائل فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کیے گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے بروقت پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں مجموعی طور پر 14 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 12 افراد کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔ متاثرہ افراد کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی گئی، جبکہ دو شدید زخمی افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹورسٹ بس مری سے فیصل آباد جا رہی تھی کہ بانسرہ گلی کے قریب بریک فیل ہونے کے باعث حادثے کا شکار ہو گئی۔ واقعے کے بعد ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر امدادی سرگرمیوں میں مصروف رہیں اور صورتحال کو بروقت کنٹرول میں لیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں