راولپنڈی: تھانہ چونترہ پولیس نے بٹیروں کی لڑائی پر جواء کھیلنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 16 افراد کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے داؤ پر لگی 1 لاکھ 5 ہزار روپے نقد رقم، 17 موبائل فون اور 8 بٹیرے برآمد کیے گئے، جبکہ موقع سے 3 موٹر سائیکلیں بھی تحویل میں لے لی گئیں۔
چونترہ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق زیر حراست افراد کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا۔
اس موقع پر ایس پی صدر انعم شیر کا کہنا تھا کہ قمار بازی دیگر معاشرتی برائیوں کی جڑ ہے اور اس کے خاتمے کے لیے پولیس کی کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔
ترجمان راولپنڈی پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جرائم اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔





