سوات: سوات ایکسپریس وے پر کاٹلنگ کے قریب پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں موٹروے پولیس کے سب انسپکٹر نظام الدین شہید ہوگئے، جبکہ ایک سب انسپکٹر اور فائن کلیکشن کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔
موٹروے پولیس کے مطابق سب انسپکٹر نظام الدین اور سب انسپکٹر اکبر علی معمول کی سپیڈ انفورسمنٹ ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ اس دوران ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو کر انہیں ٹکر مار گئی، جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر نظام الدین موقع پر شہید ہوگئے۔
حادثے میں ملوث گاڑی میں سوار ایک کمسن بچی بھی جان کی بازی ہار گئی، جبکہ میاں بیوی زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا۔
حکام کے مطابق سب انسپکٹر اکبر علی اور فائن کلیکشن اہلکار مردان میڈیکل کمپلیکس میں زیر علاج ہیں، جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ کار ڈرائیور کی مبینہ غفلت، لاپرواہی اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ متعلقہ اداروں نے واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
حادثے کے بعد موٹروے پولیس اور مقامی انتظامیہ نے شہید اہلکار کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔





