اسلام آباد: انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے خاتون سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران 17 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 22.88 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تعلیمی اداروں کے قریب کی جانے والی کارروائیوں میں جی ٹی روڈ اٹک کے قریب ایک موٹر سائیکل سوار ملزم سے 1.8 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ پیرس روڈ سیالکوٹ کے قریب ایک اور موٹر سائیکل سوار ملزم کے قبضے سے 670 گرام چرس برآمد ہوئی۔
اسی طرح آئی جے پی روڈ راولپنڈی کے قریب دو موٹر سائیکل سوار ملزمان سے 600 گرام چرس، 2 گرام کوکین اور 10 عدد ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی گئیں۔ گرفتار ملزمان میں سے ایک نے دورانِ تفتیش تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔
اے این ایف کی دیگر کارروائیوں میں جامشورو ٹول پلازہ کے قریب ایک خاتون کے قبضے سے 12 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ سہراب گوٹھ کراچی کے قریب ایک ملزم سے 6 کلوگرام چرس ضبط کی گئی۔
مزید برآں چائنہ چوک اٹک کے قریب ایک گاڑی سے 1.8 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کے مطابق نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے بچانے اور ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں





