اسلام آباد: آئی جے پی روڈ پر کھڑی بسوں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے معاملے پر اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے 11 بسوں کو تحویل میں لے کر متعلقہ تھانوں میں منتقل کر دیا، جبکہ 30 گاڑیوں کے چالان بھی کیے گئے۔
اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مطابق یہ کارروائیاں چیئرمین اتھارٹی کی ہدایات پر عمل میں لائی گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مخصوص بس اسٹینڈز اور مقررہ اسٹاپس کے علاوہ کسی بھی گاڑی کو سڑک پر کھڑا ہونے یا مسافروں کو اتارنے چڑھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اتھارٹی کے مطابق ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جا رہی ہے۔
چیئرمین اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو بہتر ٹریفک نظام اور صاف ماحول کی فراہمی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔





