لاہور سیالکوٹ موٹروے پر بڑے حادثات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ ہنگامی مشق، مختلف اداروں کی شرکت

لاہور: لاہور سیالکوٹ موٹروے (ایم 11) کے لاہور ٹال پلازہ پر بڑے حادثات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشترکہ ہنگامی مشق کا انعقاد کیا گیا، جس میں موٹروے پولیس، ریسکیو سروسز، فائر فائٹنگ ٹیموں اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حصہ لیا۔
مشق کے دوران فرضی ٹریفک حادثے اور آتشزدگی کی صورتحال پیدا کی گئی، جس پر تمام متعلقہ اداروں نے فوری اور مؤثر امدادی کارروائیاں انجام دیں۔ متاثرین کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، آگ پر قابو پایا گیا اور ٹریفک کی روانی بحال کی گئی۔
ہنگامی مشق کے دوران اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ، پیشہ ورانہ مہارت اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔
ڈی آئی جی موٹروے پولیس عمران شاہد نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ موٹروے پولیس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کی استعداد اور بین الادارہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں