اسلام آباد: وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے قازقستان کے سفیر یرزہان کسٹافین سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور قازقستان کے درمیان صنعتی تعاون، اقتصادی روابط، دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے صنعتی و اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تجارت کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔ قازقستان کے سفیر نے پاکستان کی فرنیچر انڈسٹری، اسپورٹس گڈز سیکٹر اور بحری انفراسٹرکچر میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری روابط بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کا وژن وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے، جبکہ بینکاری روابط اور سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
قازقستان کے سفیر نے پاکستانی کاروباری شخصیات کو قازقستان میں منعقد ہونے والی نمائشوں اور تجارتی ایکسپوز میں شرکت کی دعوت دی اور ویزا سہولیات میں مزید آسانی فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے سیاحت، تجارت اور اقتصادی شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا۔





