روات پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے فحش ویب سائٹس پر آن لائن لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے نازیبا اور غیر اخلاقی مواد شیئر کرنے میں ملوث ایک گینگ کے 11 ملکی و غیر ملکی افراد کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں مرد و خواتین دونوں شامل ہیں۔ ملزمان میں دو غیر ملکی اور دو پاکستانی مرد جبکہ ایک غیر ملکی خاتون سمیت سات خواتین شامل ہیں۔
کارروائی کے دوران موقع سے ایک پستول، گولیاں، موبائل فونز، لیپ ٹاپ اور لائیو اسٹریمنگ میں استعمال ہونے والے دیگر آلات بھی برآمد کر لیے گئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان مختلف ویب سائٹس پر فحش ویڈیوز اپ لوڈ کرتے تھے۔
روات پولیس نے مقدمہ درج کرکے تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ تحقیقات کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش کے دوران مزید اہم انکشافات متوقع ہیں اور گینگ کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق مقدمے کی جامع تفتیش کے لیے NCCIA سے رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا سکے۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ خواتین اور بچوں کے استحصال یا کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





