پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 مری
کرور واٹر فال، کوٹلی ستیاں میں موصول ہونے والی ڈوبنے کی ایمرجنسی کال پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن اختتام پذیر
مری: ریسکیو 1122 مری کو تحصیل کوٹلی ستیاں کے علاقے کرور واٹر فال میں ایک بچے کے ڈوبنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے واٹر ریسکیو ٹیموں کو جائے وقوعہ کی جانب روانہ کیا گیا تھا،
ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا، عینی شاہدین اور مقامی افراد سے معلومات اکٹھی کیں اور ممکنہ مقامات کا تفصیلی معائنہ کیا، ابتدائی تحقیقات اور سرچ کے دوران موقع پر کسی بچے کے ڈوبنے کے شواہد سامنے نہیں آئے،
ریسکیو ٹیموں نے تمام ضروری اقدامات مکمل کرنے کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کو اختتام پذیر کر دیا ہے، واقعہ کی اطلاع سنٹرل کنٹرول روم اور متعلقہ پولیس اسٹیشن کو بروقت فراہم کر دی گئی تھی جبکہ 1122 پر موصول ہونے والی ایمرجنسی کال کی مکمل تحقیقات پولیس کی نگرانی میں جاری ہیں تاکہ واقعہ کی حقیقت اور کال کے محرکات کا تعین کیا جا سکے،
اگر تحقیقات کے دوران یہ ثابت ہوا کہ ایمرجنسی کال جھوٹی، گمراہ کن یا بدنیتی پر مبنی تھی تو پنجاب ایمرجنسی سروس ایکٹ کے تحت ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،
ریسکیو 1122 مری شہریوں سے اپیل کرتی ہے کہ ایمرجنسی ہیلپ لائن 1122 کو صرف حقیقی ہنگامی حالات میں استعمال کریں تاکہ ایمرجنسی وسائل اور قیمتی وقت عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکے.





