ملتان (ویب ڈیسک) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے محرم الحرام کے مقدس ایام میں ملک بھر میں امن و امان کے کامیاب قیام، ماتمی جلوسوں اور مجالس کے پُرامن انعقاد کو ریاستی اداروں، سیکیورٹی فورسز، انتظامیہ اور عوام کی مشترکہ کاوشوں کا قابلِ فخر مظہر قرار دیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں اور شہریوں کو دلی خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں، پاک فوج، رینجرز، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور ضلعی انتظامیہ نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت، بروقت منصوبہ بندی، مؤثر رابطہ کاری اور بے مثال جذبۂ خدمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک دشمن اور فرقہ وارانہ عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ ان کی شبانہ روز کاوشوں کے باعث ملک بھر میں عزاداری کا سلسلہ پُرامن اور محفوظ ماحول میں جاری رہا۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جس فرض شناسی، عزم اور قربانی کے جذبے کا مظاہرہ کیا، پوری قوم ان کی خدمات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ایسے بہادر سپوت قوم کا سرمایہ ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
چیئرمین سینیٹ نے علمائے کرام، ذاکرین، منتظمینِ مجالس و جلوس، رضاکاروں اور عوام الناس کے مثالی تعاون کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ مذہبی رواداری، قومی یکجہتی، برداشت اور باہمی احترام ہی پاکستان کی اصل قوت ہیں۔ محرم الحرام کے دوران پوری قوم نے جس اتحاد، نظم و ضبط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، اس نے دنیا کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان امن، بھائی چارے اور قومی ہم آہنگی پر یقین رکھنے والی مضبوط قوم ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاست کے تمام ادارے آئین و قانون کی بالادستی، قومی سلامتی، مذہبی ہم آہنگی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اسی جذبے اور یکسوئی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار رکھے، وطن عزیز کو ہر قسم کے اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ فرمائے اور قوم کو اتحاد و اتفاق کی نعمت سے ہمیشہ سرفراز رکھے۔





