نیویارک میں منعقدہ ایک تقریب میں بینکر اور مصنف ظفر مسعود کی کتاب ’Seat 1C‘ کی رونمائی کی گئی۔ تقریب میں امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ، نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی، کاروباری شخصیات، پیشہ ور افراد اور پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے ارکان نے شرکت کی۔
میزبان ڈاکٹر عابد شیخ نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے ظفر مسعود کی پاکستان کے مالیاتی شعبے میں خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کتاب ’Seat 1C‘ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس میں حوصلہ، قیادت، شکرگزاری اور مقصدیت جیسے موضوعات پر گہرے اور قابلِ غور خیالات پیش کیے گئے ہیں۔ ڈاکٹر عابد شیخ نے مزید کہا کہ یہ کتاب ان اسباق پر مشتمل ہے جو پی آئی اے کی پرواز 8303 کے المناک حادثے سے کہیں آگے تک اثرات رکھتے ہیں، جس میں ظفر مسعود سمیت صرف دو افراد محفوظ رہے تھے۔
سفیر رضوان سعید شیخ اور قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے اپنے خطاب میں ظفر مسعود کی بینکاری اور مالیاتی شعبے میں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ظفر مسعود نے ایک ذاتی اور مشکل تجربے کو دوسروں کے لیے رہنمائی اور حوصلے کا ذریعہ بنا دیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ظفر مسعود نے اپنے پیشہ ورانہ سفر کے تجربات شیئر کیے اور کتاب کے مرکزی موضوعات پر گفتگو کی۔ انہوں نے مشکل حالات میں ثابت قدمی، بامقصد قیادت اور زندگی کے کٹھن لمحات سے حاصل ہونے والے اسباق کی اہمیت پر زور دیا۔





