نقب زنی میں ملوث ملزمان گرفتار، 25 لاکھ روپے برآمد

راولپنڈی: ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے نقب زنی کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے 25 لاکھ روپے برآمد کر لیے گئے۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے پولیس ٹیم کو فوری برآمدگی کا ٹاسک دیا تھا۔ ایس پی انویسٹی گیشن سٹی فرحت عباس کی سربراہی میں انچارج انویسٹی گیشن تھانہ اسلام پورہ رانا عمر دراز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے رقم برآمد کی۔

پولیس کے مطابق ملزمان کام کاج کے بہانے گھروں میں داخل ہوتے اور بعد ازاں اپنے مرد ساتھیوں کے ہمراہ واردات کر کے فرار ہو جاتے تھے۔

ایس ایس پی محمد نوید نے بتایا کہ ملزمان کو پیشہ وارانہ مہارت اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا، جبکہ دورانِ تفتیش ملزمان نے شہر کے مختلف علاقوں میں متعدد وارداتوں کا انکشاف بھی کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برآمد ہونے والی رقم مدعی مقدمات کے حوالے کر دی گئی ہے، جبکہ متاثرہ شہریوں نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف مضبوط چالان مرتب کر کے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، جبکہ قانون شکن عناصر سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائے گا۔

بعد ازاں ایس ایس پی محمد نوید نے کامیاب کارروائی میں حصہ لینے والی پولیس ٹیم میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں