نقب زنی میں ملوث ملزمان گرفتار، 25 لاکھ روپے برآمد

راولپنڈی: ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے نقب زنی کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے 25 لاکھ روپے برآمد کر لیے گئے۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے پولیس ٹیم کو فوری برآمدگی کا ٹاسک دیا تھا، جس پر ایس پی انویسٹی گیشن سٹی فرحت عباس کی سربراہی میں انچارج انویسٹی گیشن تھانہ اسلام پورہ رانا عمر دراز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے رقم برآمد کی۔

پولیس کے مطابق ملزمان کام کاج کے بہانے گھروں میں داخل ہوتے اور بعد ازاں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ واردات کر کے فرار ہو جاتے تھے۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے بتایا کہ ملزمان کو پیشہ وارانہ مہارت اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ دوران تفتیش ملزمان نے شہر کے مختلف علاقوں میں متعدد وارداتوں کا انکشاف بھی کیا ہے۔

برآمد ہونے والی رقم متاثرہ شہریوں کے حوالے کر دی گئی، جبکہ مدعیان مقدمات نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔

ایس ایس پی محمد نوید کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف مضبوط چالان مرتب کر کے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، جبکہ قانون شکن عناصر سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائے گا۔

بعد ازاں ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے کامیاب کارروائی میں حصہ لینے والی پولیس ٹیم میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں