اسلام آباد: تھانہ شمس کالونی میں ملزم کو زنجیروں سے باندھنے کے مبینہ واقعے پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کے حوالے سے اسلام آباد پولیس کے ایس آئی تسنیم اور ایک نجی شخص نوید الرحمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ دو مختلف دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے جبکہ معاملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملزم کو زنجیروں سے باندھنے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے قانونی کارروائی شروع کی۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ انکوائری Qazi Ali Raza کی نگرانی میں جاری ہے اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق تحقیقات کی روشنی میں ذمہ دار افراد کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔





