موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر فائر ایکسٹنگوئشر لازمی، 24 جون کے بعد خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی

National Highways and Motorway Police نے قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر سفر کو مزید محفوظ بنانے کے لیے حفاظتی اقدامات سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق تمام گاڑیوں، بالخصوص مسافر اور مال بردار گاڑیوں میں فائر ایکسٹنگوئشر (آگ بجھانے والا آلہ) رکھنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق حادثات کے دوران آتشزدگی کے خطرات سے بچاؤ اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے خصوصی حفاظتی اقدامات نافذ کیے جا رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں موٹروے پولیس نے ملک گیر فائر سیفٹی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے جو 24 جون تک جاری رہے گی۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑیوں میں فعال فائر ایکسٹنگوئشر کی موجودگی جان و مال کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔ ڈرائیور حضرات کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر سے قبل فائر ایکسٹنگوئشر کی فعالیت اور معیاد (ایکسپائری ڈیٹ) ضرور چیک کریں کیونکہ غیر فعال یا زائدالمعیاد فائر ایکسٹنگوئشر قابل قبول نہیں ہوگا۔
ترجمان نے خبردار کیا کہ 24 جون کے بعد فائر ایکسٹنگوئشر کے بغیر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مزید برآں فائر ایکسٹنگوئشر کے بغیر مال بردار اور پبلک سروس گاڑیوں کو قومی شاہراہوں اور موٹرویز میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
موٹروے پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لیے حفاظتی ہدایات پر عمل کریں اور سفر سے قبل تمام ضروری حفاظتی انتظامات مکمل رکھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں