موٹروے پر سفر کرنے والے شہریوں کے لیے اہم اطلاع
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم-5 کے اقبال آباد تا گڈو سیکشن کو صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک عارضی طور پر بند رکھا جائے گا۔
ترجمان سید عمران احمد نے بتایا کہ سنٹرل ریجن میں میپکو کے تکنیکی کام کے باعث مذکورہ سیکشن پر ٹریفک کی آمدورفت معطل رہے گی۔ اس دوران تمام ٹریفک کو این-5 قومی شاہراہ پر ڈائیورٹ کیا جائے گا، جبکہ گڈو اور اقبال آباد انٹرچینجز بھی مقررہ اوقات کے دوران بند رہیں گے۔
موٹروے پولیس کے مطابق متبادل راستے کا کل فاصلہ تقریباً 148 کلومیٹر ہوگا، جس کے باعث ایل ٹی وی گاڑیوں کو تقریباً 2 گھنٹے اور ایچ ٹی وی گاڑیوں کو تقریباً 3 گھنٹے اضافی سفر کرنا پڑ سکتا ہے۔
حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ طویل سفر سے قبل اپنی گاڑی کی فٹنس یقینی بنائیں اور ایندھن، پینے کا پانی اور دیگر ضروری سامان ہمراہ رکھیں۔ متبادل اور طویل روٹ پر سفر کرنے والے ڈرائیور حضرات اپنی گاڑیوں کو مکمل طور پر تیار رکھیں تاکہ کسی بھی قسم کی دشواری سے بچا جا سکے۔
مزید معلومات اور سفر کے دوران رہنمائی کے لیے مسافر موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔





