لاہور: ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کی کھلی کچہری، شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی کے احکامات
ناقص تفتیش پر افسران کی سرزنش، شوکاز نوٹسز جاری، میرٹ پر تفتیش اور فوری انصاف کی فراہمی پر زور
لاہور (نمائندہ خصوصی): ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور محمد نوید نے انویسٹی گیشن ہیڈکوارٹرز میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں خواتین سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل و شکایات براہ راست ایس ایس پی انویسٹی گیشن کے سامنے پیش کیں۔
کھلی کچہری میں انچارج کمپلینٹ سیل، پی ایس او، پی اے، ریڈر، انچارج ایس ایس او آئی یو، انچارج تبدیلی تفتیش بورڈ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
ایس ایس پی محمد نوید نے شہریوں کی شکایات اور مسائل تفصیل سے سنے اور ان کے فوری ازالے کے لیے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔ بعض شکایات پر انہوں نے متعلقہ افسران سے براہ راست رابطہ کر کے فوری کارروائی کی ہدایت بھی کی۔
کھلی کچہری کے دوران ناقص تفتیش پر چند تفتیشی افسران کی سرزنش کی گئی جبکہ ان کے خلاف شوکاز نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔ ایس ایس پی نے تمام تفتیشی افسران کو مقدمات کی میرٹ پر یکسوئی اور شفاف تفتیش یقینی بنانے کی سخت ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر محمد نوید کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد شہریوں اور پولیس کے درمیان رابطے کی فضا کو برقرار رکھنا اور عوامی مسائل کا فوری حل ممکن بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بروقت اور میرٹ پر انصاف کی فراہمی ہی امن و امان کے قیام کی بنیاد ہے۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے کہا کہ مقدمات کی تفتیش سے متعلق عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے اور عوام کو تحفظ اور انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس شہریوں کی ہر مشکل گھڑی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ان کے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔







