شہریوں کے مسائل براہ راست سنے، فوری قانونی کارروائی اور جرائم کے خلاف مؤثر اقدامات کی ہدایات جاری
راولپنڈی (نمائندہ خصوصی): ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے تھانہ کلر سیداں میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے شہریوں کے مسائل، شکایات اور درخواستیں براہ راست سنیں۔
اس موقع پر آر پی او نے متعلقہ پولیس افسران کو شہریوں کی درخواستوں پر فوری قانونی کارروائی کرنے اور مقررہ وقت کے اندر رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے کم کرنا، اعتماد کو فروغ دینا اور شہری مسائل کا بروقت حل یقینی بنانا ہے۔
بعد ازاں آر پی او بابر سرفراز الپا نے تھانہ کلر سیداں میں کرائم میٹنگ کی صدارت بھی کی، جس میں ایس پی صدر ڈویژن، ایس ڈی پی او کہوٹہ سرکل اور دیگر متعلقہ پولیس افسران نے شرکت کی۔
کرائم میٹنگ کے دوران آر پی او نے علاقے میں جرائم کی موجودہ صورتحال، زیر تفتیش مقدمات، اشتہاری و عادی مجرمان، منشیات فروشوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ سنگین مقدمات کی بروقت، شفاف اور میرٹ پر تفتیش کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ آر پی او نے اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروران کی گرفتاری کے لیے خصوصی مہم جاری رکھنے اور منشیات فروشی، ناجائز اسلحہ سمیت دیگر سماج دشمن سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی۔
بابر سرفراز الپا نے گشت کے نظام کو مزید مؤثر بنانے، جرائم کے ہاٹ سپاٹس کی مسلسل نگرانی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی شہری کے ساتھ غیر مہذب، غیر انسانی یا غیر قانونی رویہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور قانون کے مطابق برتاؤ کو یقینی بنایا جائے۔
کرائم میٹنگ کے اختتام پر آر پی او نے تھانہ کلر سیداں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تھانے کی عمارت، فرنٹ ڈیسک، حوالات اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے صفائی ستھرائی، نظم و ضبط اور سروس ڈیلیوری کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
آر پی او نے تھانہ کلر سیداں کی زیر تعمیر نئی عمارت کا بھی معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کے معیار اور رفتار کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔





