اسلام آباد (نمائندہ خصوصی): اسلام آباد پولیس نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے یکم محرم سے 19 صفر تک خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں منعقد ہونے والے 177 جلوسوں اور 929 مجالس کی سکیورٹی کے لیے 15 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔
ترجمان کے مطابق تمام جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کے لیے سیف سٹی اسلام آباد میں خصوصی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے، جبکہ ان سرگرمیوں کی مانیٹرنگ 3 ہزار سے زائد کیمروں اور ڈرونز کے ذریعے بھی کی جائے گی۔
آئی جی اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی خود تمام سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی ڈیوٹیوں کا جائزہ لینے کے لیے 10 ویجیلینس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ اسلام آباد پولیس کے تمام ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، اے آئی جیز اور دیگر افسران فیلڈ میں سکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ضلع بھر میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ اور کومبنگ آپریشنز جاری ہیں، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کوئیک ریسپانس ٹیمیں ہر وقت الرٹ رہیں گی۔ جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر کیپیٹل پٹرول یونٹ کے دستے بھی گشت پر مامور رہیں گے۔
ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 500 سے زائد ٹریفک افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ آپریشنز، سکیورٹی، سی ٹی ڈی، لاجسٹکس، سپیشل برانچ اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں اور رضاکاروں کے لیے خصوصی بریفنگز اور تربیتی سیشنز کا انعقاد بھی کیا گیا ہے۔ خواتین کی مجالس اور جلوسوں میں چیکنگ کے لیے لیڈیز پولیس اہلکاروں کے خصوصی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد پولیس کے تمام ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اور ایس پیز روزانہ کی بنیاد پر امام بارگاہوں کے دورے کر رہے ہیں، جبکہ جلوسوں اور مجالس میں شرکت کرنے والوں کی سہولت کے لیے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی پارکنگ کا الگ نظام بھی وضع کیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات میں پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال یا مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پکار 15 پر دیں۔





