اٹک: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک، انیل سعید نے شہر میں جاری ترقیاتی اور تزئین و آرائش کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے فوارہ چوک، پیپلز کالونی، رئیس خانہ اور دیگر مقامات پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران سے منصوبوں کی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ حاصل کی۔
دورے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے منصوبوں کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی اور خوبصورتی کے منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو جلد از جلد بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انیل سعید نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بروقت تکمیل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی غفلت، کوتاہی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ کام کے معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے تاکہ ترقیاتی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کا کہنا تھا کہ شہریوں کو بہتر ماحول اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ بھرپور اقدامات کر رہی ہے، جبکہ شہر کی ترقی اور خوبصورتی کے منصوبوں کو عوامی توقعات کے مطابق مکمل کیا جائے گا





