اسلام آباد: انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے خاتون سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ 23 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 23.32 کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئی۔
اے این ایف کے مطابق چناب ٹول پلازہ گجرات کے قریب ایک گاڑی سے 4.8 کلوگرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ دورانِ تفتیش ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا۔
ایک اور کارروائی میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر شارجہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے 527 گرام وزنی 83 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے۔
ترنول پھاٹک اسلام آباد کے قریب ایک ٹرک سے 9.6 کلوگرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ جی ٹی روڈ راولپنڈی پر ہسپتال کے قریب ایک خاتون کے قبضے سے 8.4 کلوگرام چرس برآمد کر کے اسے حراست میں لے لیا گیا۔
اے این ایف ترجمان کے مطابق تمام کارروائیوں کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔





