اسلام آباد ایکسائز کی بڑی کارروائی، مختلف شہروں سے چوری ہونے والی 7 گاڑیاں برآمد

اسلام آباد: اسلام آباد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے روڈ چیکنگ کے دوران بڑی کارروائی کرتے ہوئے 7 مشکوک گاڑیوں کو تحویل میں لے لیا۔ گاڑیوں کے چیسز نمبرز مشکوک پائے جانے پر انہیں فرانزک سائنس لیبارٹری (FSL) بھجوایا گیا، جہاں جانچ کے بعد تصدیق ہوئی کہ تمام گاڑیاں مختلف اضلاع سے چوری شدہ تھیں۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق برآمد ہونے والی گاڑیوں میں 3 گاڑیاں کراچی میں سندھ پولیس کو مطلوب تھیں، جبکہ ایک گاڑی شیخوپورہ، ایک سرگودھا اور 2 گاڑیاں راولپنڈی پولیس کو مطلوب تھیں۔
لیبارٹری رپورٹ موصول ہونے کے بعد تمام گاڑیوں کو قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے متعلقہ پولیس اسٹیشنز کے حوالے کر دیا گیا تاکہ انہیں ان کے اصل مالکان تک پہنچایا جا سکے۔
ڈائریکٹر ایکسائز اسلام آباد بلال اعظم نے کہا کہ محکمہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور چوری شدہ گاڑیوں کی روک تھام کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ گاڑیوں کی خرید و فروخت کے دوران مکمل تصدیق اور قانونی جانچ پڑتال ضرور کریں تاکہ کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی سے محفوظ رہا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں